عام انتخابات: کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں پر اپیلیں دائر ہونا شروع
01-01-2024
(لاہور نیوز) الیکشن 2024ء کیلئے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں پر اپیلیں دائر ہونا شروع ہوگئیں۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں پر اپیلیں دائر کرنے کا عمل آج سے 3 جنوری تک جاری رہے گا، ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔ امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔ ملک بھر کے اضلاع میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئیں، ان فہرستوں میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے والوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات بھی شامل تھیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے بانی سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔ اسی طرح سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد، اختر مینگل، فواد چودھری اور انکی اہلیہ حبا فواد،اعظم سواتی، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیئے گئے۔ دوسری جانب ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور صادق سنجرانی سمیت دیگر کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔