بجلی کا شارٹ فال پیداوار کے مقابلے 50فیصد کے قریب پہنچ گیا

01-01-2024

(ویب ڈیسک) پاور پلانٹس میں مرمتی کام اور ایندھن کی کمی کے باعث بجلی کا شارٹ فال پیداوار کے مقابلے میں 50فیصد کے قریب پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 14ہزار 500 میگاواٹ ہو گئی، مختلف ذرائع سے صرف 7 ہزار 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ شارٹ فال 6700 میگاواٹ  تک پہنچنے سے  مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک جا پہنچا۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق پن بجلی کی پیداوار میں 80 فیصد تک کمی ہوئی ہے، پن بجلی 10 ہزار میگاواٹ کے بجائے صرف 1200 میگاواٹ پیدا کی جارہی ہے، تربیلا ڈیم سے 330 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، منگلا ڈیم سے 250 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ پاور ڈویژن  ذرائع نے بتایا ہے کہ غازی بروتھا اور دیگر پراجیکٹس سے 620 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔  تھرمل پاور پلانٹس 4 ہزار کے بجائے صرف 1300 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھر صرف 5 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جامشور ، مظفر گڑھ اور گدو کے متعدد پاور پلانٹس مرمت کے باعث بند پڑے ہیں، بجلی ٹریپنگ سے بچانے کے لیے بلیک سٹارٹ فیسلٹی استعمال کی جارہی ہے۔