مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ، سربراہ جے یو آئی محفوظ رہے

12-31-2023

(لاہور نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان الیکشن مہم کے سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان سے گزر رہے تھے کہ زیارک انٹرچینج کے قریب قافلے پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس میں مولانا فضل الرحمان اور عملے کے افراد محفوظ رہے۔   ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے کے قریب فائرنگ بزدلانہ کارروائی ہے، بارہا متنبہ کرچکے ہیں کہ ہماری قیادت کے لئے حالات سازگار نہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ انتظامیہ آئے روز تھریٹس کے حوالے سے لیٹر لکھتی ہے لیکن عملاً کوئی قدم نہیں اٹھاتی، واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔ ترجمان جے یو آئی کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کیونکر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہے، کے پی اور بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔