لاہور نوازشریف کا قلعہ تھا اور آج بھی ہے، 8 فروری کو قائد کا قرض اتارنا ہے: عطا تارڑ

12-31-2023

(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ لاہور کل بھی نوازشریف کا قلعہ تھا آج بھی ہے، ہم نے 8 فروری کو ن لیگ کے قائد نوازشریف کا قرض اتارنا ہے۔

مسلم لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ ہماری جماعت ایک مشکل دور سے نکل کر باہر آئی ہے، جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا تمام مشکلات کا ایک ہی جواب تھا نوازشریف، لاہور میاں نوازشریف سے عشق کرتا ہے، لاہور کو مسلم لیگ ن کا قلعہ کہتے ہیں، برے سے برے وقت میں بھی لاہور نے شیر کو کامیاب کرکے اسمبلیوں میں پہنچایا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ سننے میں آیا یہاں این اے 127 میں بلاول آگیا ہے، پوچھنا چاہتا ہوں، پیپلز پارٹی نے کراچی میں کونسا ترقیاتی کام کیا، کراچی میں پیپلز پارٹی نے کونسا منصوبہ لگایا جو اٹھ کر لاہور آگئے ہیں۔ ن لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ میاں نوازشریف نے 1980ء کی دہائی میں خدمت کا سفر شروع کیا، ایک وقت تھا جب کراچی میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ تھی، کراچی کا امن نوازشریف نے ہی بحال کیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ نوازشریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل گیا، شہبازشریف، مریم نواز اور سعد رفیق نے قربانی دی، وقت آگیا ہے کہ ہم نے قربانیوں کا قرض اتارنا ہے، پیپلزپارٹی کو تو کسی نے ہاتھ تک نہیں لگایا۔