پاکستان کرکٹ کے اصل مسائل کو کوئی ڈسکس نہیں کرتا: سابق چیف سلیکٹر

12-31-2023

(ویب ڈیسک) سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا ہے کہ مسئلہ پاکستان کی بیٹنگ کا نہیں بلکہ بولنگ کا ہے، یہ لوگ ٹیسٹ میچ میں سپنر ہی نہیں کھلا رہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کرکٹر ہارون رشید نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں جب تک سپنرز کو نہیں کھلائیں گے تو فاسٹ بولرز پر دباؤ بڑھتا چلا جائے گا، ایک اینڈ سے سپنرز کو کھلائیں گے تو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جو مسائل ہیں انہیں کوئی ڈسکس نہیں کرتا ہم صرف یہ دیکھتے ہیں کہ پاکستان کی ٹیم جیتی یا ہاری، اصل مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیم باؤنسی ٹریک پر کبھی بھی ٹھیک طرح سے نہیں کھیل پاتی ہے، پاکستانی بیٹرز کو باؤنس نے بہت زیادہ تنگ کیا۔ ہارون رشید نے بھارت کی شکست کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارت بھی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے دوچار ہوا، جب بھی برصغیر کی ٹیمیں آسٹریلیا یا جنوبی افریقہ جائیں گی انہیں مشکلات پیش آئیں گی۔ سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بہت ہی شاندار بولنگ کی جس سے پاکستان جیت کے بہت قریب آگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عبداللہ شفیق سے وہ کیچ ڈراپ نہ ہوتا تو حالات مختلف ہوتے کیونکہ جیت میں فیلڈنگ کا بہت اہم کردار ہوتا ہے،کسی بھی ٹیم کے لیے 300 سے زائد رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ہارون رشید نے کہا کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ کے مقابلے میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچھا پرفارم کیا، مجھے پاکستان ٹیم میں امپروومنٹ نظر آرہی ہے۔