بھارتی ٹینس ٹیم کو دورہ پاکستان کیلئے جلد منظوری ملنے کا امکان

12-31-2023

(ویب ڈیسک) بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کوڈیوس کپ ٹائی کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت ملنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستان میں ڈیوس کپ کھیلنے کے لیے جلد گرین سگنل ملنےکا امکان ہے۔ بھارتی وزارت کھیل آئندہ چند روز میں آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن کو تحریری طور پراجازت دے دے گا۔ آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے بھارتی صحافیوں کو ڈیوس کپ کی ایکریڈیشن کی رجسٹریشن کی ہدایت کردی ہے جبکہ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے بھی ویزا درخواستوں کے لیے بھارتی صحافیوں کو ای میل کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق دورہ پاکستان کے لیے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے بھارتی ٹینس ٹیم کو مکمل تیاریوں کی ہدایت جاری کردی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ٹینس فیڈریشن بھی بھارت کی میزبانی کرنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی اگلے سال فروری میں اسلام آباد میں ہوگی۔