شاہینوں کو آسٹریلیا سےشکست کا معاملہ،جاویدمیانداد کا ردعمل بھی سامنے آگیا

12-30-2023

(ویب ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نےآسٹریلیا سے شکست پر ٹیم کی کارکردگی کے پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں جاوید میانداد  کا کہنا تھا کہ  آسٹریلیا کے خلاف پہلے دونوں ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد ہارنے کی وجوہات سامنے لائی جائیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے، کھلاڑیوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ان کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دینی ہوں گی۔ اگر پاکستان کیلئے کھیل رہے ہیں تو ان کو اپنی ذمہ داری کا احساس بھی کرنا چاہیے۔ جاوید میانداد نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہار سے سیکھنا چاہیے۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اچھی ہے۔ ہار سے گھبرائیں گے تو جیت نہیں سکتے۔ مسلسل غلطیاں کرنے والوں کی پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔   انہوں نے کہا کہ کپتان کا تجربے کار ہونا اور اس کی ذاتی کارکردگی بہتر ہونا ضروری ہے ورنہ وہ دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے، کرکٹ میں اب بہت زیادہ پیسہ آگیا ہے اس لیے اس کھیل کو تجارتی بنیادوں پر ہی چلایا جانا چاہئے۔