آئندہ برس ملک میں مہنگائی کی شرح کتنے فیصد تک متوقع ہے؟جانئے

12-30-2023

(ویب ڈیسک) مالی سال 2024میں مہنگائی کی شرح معتدل ہوکر 20 سے 22 فیصد کی سطح پر آنے کی توقع ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے سی بی پی ایکٹ1956کے تحت پارلیمان کو مالی سال 2022-23کی معاشی جائزہ رپورٹ پیش کردی ،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی اور ملکی معاشی دھچکوں کے باعث مالی سال2023غیر معمولی طور پر سخت رہا۔ آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ پروگرام کے نویں جائزے میں تاخیر نے بیرونی کھاتے پر دباؤ بڑھایا، مالی سال2023  میں افراط زر کی شرح29.2فیصد تک پہنچ گئی، سیاسی غیریقینی صورتِ حال کاروباری اداروں اورمعاشی سرگرمیوں پر اثر انداز ہوئی، سکڑاؤ کی زری پالیسی کے تحت پالیسی ریٹ میں مجموعی طور پر 825بیسز پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ مالی سال2023 میں بینکاری شعبے کے کْل اثاثوں میں17فیصد اضافہ ہوا، گورنر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قیمتوں اور مالی استحکام کیلیے مالیاتی پالیسی اور موثر انتظامی اقدامات کرنا ہوں گے۔رپورٹ میں سرکاری اخراجات میں کمی، محاصل میں اضافہ، خوراک اور توانائی کی سپلائی چین کی مضبوطی پر زور دیا گیا ہے، مرکزی بینک بلند مہنگائی کے گہرے اثرات کی پائیداری کو روکنے اور مہنگائی کی توقعات پر قابو پانے کیلیے فیصلے کرتا رہے گا۔