نیو ایئر نائٹ پر فیملیز کی جان و مال کے تحفظ کا خیال رکھا جائے، آئی جی پنجاب
12-30-2023
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر فیملیز، خواتین اور بچوں کے جان و مال کا خاص خیال رکھا جائے۔
پولیس نے صوبہ بھر میں نیو ایئر نائٹ کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں 21 ہزار 413 افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔ نیو ایئر کے پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 2 ہزار 312 میٹل ڈی ٹیکٹرز اور ہزاروں سی سی ٹی وی کیمرے بھی استعمال ہونگے۔ صرف لاہور میں 2 ہزار 373 افسران و اہلکار تعینات، 271 میٹل ڈی ٹیکٹرز اور 236 سی سی ٹی وی کیمرے استعمال ہونگے۔ گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں بھی سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون وِیلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے نیو ایئر نائٹ پر شاہراہوں پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دے دیئے، سی ٹی او لاہور سمیت تمام ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران نے مصروف شاہراہوں اور مقامات پر ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات کر دی۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا ہے کہ شہری ون وِیلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی 15 پر اطلاع کریں، والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، انہیں کسی غیر قانونی کام کا حصہ ہرگز نہ بننے دیں۔