میلبرن ٹیسٹ: ایک ہی انداز میں دو بار آؤٹ، بابر کی تکنیک پر سوالات اٹھ گئے

12-30-2023

(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ایک ہی انداز میں آؤٹ ہونے پر پاکستانی بیٹر بابراعظم کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھ گئے۔

بابراعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے اور پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز سے شکست ہوگئی۔ میلبرن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور کینگروز نے میچ جیتنے کے ساتھ سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ اس ٹیسٹ میں پاکستان کی بولنگ شاندار رہی لیکن بیٹنگ لائن نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ بابراعظم میلبرن ٹیسٹ کی دونوں اننگزمیں ایک ہی انداز میں بولڈ ہوئے۔پہلی اننگز میں پیٹ کمنز اور دوسری اننگز میں جوش ہیزل ووڈ نے بابرکے بیٹ اور پیڈ کے درمیان بننے والے گیپ کا فائدہ اٹھایا اور شاندار بولڈ کیا۔ بابر نے پہلی اننگز میں ایک اور دوسری اننگز میں 41 رنز بنائے۔ ایک ہی طرح آؤٹ ہونے پر بابر کی بیٹنگ تکنیک پر سوالات اٹھ گئے ہیں اورانہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ بابراعظم ماضی میں بھی اسی انداز میں بولڈ ہوتے رہے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔