ضمانت منظوری کے باوجود تھری ایم پی او میں گرفتار شہری کی رہائی کا حکم
12-29-2023
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ضمانت کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت نظر بند شہری کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس چودھری عبد العزیز نے مری کے رہائشی نوید اکبر نامی شہری کی رٹ پٹیشن پر کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے فیصل ملک ایڈووکیٹ اور سرکار کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پنجاب قاضی نعمان سرور عدالت پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ میرے بھائی راجہ واحد اکبر کو خلاف قانون نظر بند کیا گیا، راجہ واحد اکبر کی ضمانت ہو چکی تھی جب اسے 22 دسمبر کو دوبارہ تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا۔ عدالت نے شہری کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔