لاہور ہائیکورٹ کا آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کی بجلی کاٹنے کا حکم

12-29-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے آلودگی پھیلانے والی فیکٹریوں کی بجلی کاٹنے کا حکم دے دیا۔

سموگ  کے تدارک کے لئے دائر درخواستوں پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ سموگ پر بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل جوڈیشل کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سڑکوں پر چھڑکاؤ کے لئے گراؤنڈ واٹر استعمال کر رہی ہے، جب تک ٹیوب ویل سربمہر نہیں ہوں گے، یہ لوگ باز نہیں آئیں گے، ہم مختلف علاقوں میں پانی کی آلودگی چیک کر رہے ہیں، کرکٹ میچز کے دوران لگائے جانے والے جنریٹرز ماحول دوست ہونے چاہئیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہیلوجن لائٹس کو بھی تبدیل کرنا چاہئے۔ کمیشن کے وکیل نے یہ نقطہ بھی اٹھایا کہ جو انڈسٹریز عدالتی حکم پر سِیل ہوئیں وہ بار بار خود ہی سِیل ختم کر رہی ہیں، آخری حل یہی ہے کہ لیسکو ان کی بجلی کاٹ دے۔ جسٹس شاہد کریم نے اظہار برہمی کرتے ہوئے لیسکو کو حکم دیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر ان کی بجلی کاٹ دی جائے۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ سڑکوں پر صاف پانی کے چھڑکاؤ کا ذمہ دار واسا ہے۔ سڑکوں پر چھڑکاؤ کے لئے نہر یا وضو کا ذخیرہ شدہ پانی استعمال کیا جائے، ہماری بیوروکریسی میں بہت بگاڑ آ چکا ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید ریمارکس دیئے کہ ہر آدمی کو نئے سال میں بحیثیت مجموعی پوری دنیا کے لئے کچھ کرنا چاہیے، اگر دنیا بہتر ہو گی تو ہم بہتر ہوں گے۔