بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، عمارہ اطہر

12-29-2023

(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ بغیر لائسنس موٹرسائیکل اور گاڑیاں چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

اپنے ایک بیان میں عمارہ اطہر نے کہا کم عمر بچوں کو گاڑی، موٹرسائیکل دینے والے بھی کسی معافی کے مستحق نہیں، کریک ڈاؤن میں اب تک بغیر لائسنس 22 ہزار 542 مقدمات درج، گاڑیاں تھانوں میں بند ہیں، بغیر لائسنس کار ڈرائیونگ پر 03 ہزار جبکہ موٹرسائیکل چلانے پر 19 ہزار مقدمات درج کئے گئے۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کم عمر ڈرائیونگ پر 09 ہزار 737 مقدمات درج کروائے گئے، حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے کریک ڈاؤن جاری رہے گا، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں، والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز مت دیں۔