نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے رات گئے سے صبح تک 3 ہسپتالوں کے دورے
12-29-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے سے صبح تک 3 ہسپتالوں کے دورے کئے۔
محسن نقوی نے پی آئی سی، چلڈرن اور جنرل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ چلڈرن ہسپتال میں زیر علاج 12 سالہ بچہ محمد احمد نگران وزیراعلیٰ کو دیکھ کر مسکراتا رہا۔ محسن نقوی کئی منٹ تک محمد احمد کے پاس کھڑے ہو کر اس سے باتیں کرتے رہے۔ ڈیوٹی ڈاکٹر کو بچے کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئی ٹائلز لگانے اور نئے کاؤنٹرز بنانے کا کام 10 روز میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کام کرنے والے مزدوروں سے مصافحہ کیا اور اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ بائیو گیس کے پائپ 24 گھنٹے میں انڈر گراؤنڈ کرنے اور مریضوں کے تیمارداروں کیلئے بیٹھنے کا مناسب انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیر اعلٰی نے جنرل ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔ کام میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کے احکام جاری کئے۔ آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن فری بنانے کیلئے تمام ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری جانب کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بھی کالج روڈ تا امیر چوک جاری کاموں کا جائزہ لیا۔