سماجی کارکن اور وکیل ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک

12-29-2023

(لاہور نیوز) معروف وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان مزاری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

ایمان مزاری نے اپنے دیرینہ دوست عبدالہادی سے شادی کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر دی، انہوں نے اپنے دلہے کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انگوٹھی، دل اور نظر والے ایموجی کا استعمال کیا۔ سفید ساڑھی میں ملبوس ایمان مزاری نے ہاتھوں میں گجرے پہن رکھے ہیں جبکہ ان کے دلہے عبدالہادی نے وائٹ شلوار قمیض کیساتھ آف وائٹ ویسٹ کوٹ اور ساتھ کلاہ پہن رکھا ہے۔ وکیل ایمان مزاری کی شادی اپنے ہی پیشے سے تعلق رکھنے اور انسانی حقوق کے مقدمات لڑنے والے وکیل عبد الہادی سے ہوئی ہے، عبدالہادی نے بھی اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرکے اپنی شادی کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ ایمان مزاری انسانی حقوق کی سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ہیں، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جوڑے کو مبارکباد دی جارہی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔