بابر اعظم کی فین کیساتھ تصویر بنوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
12-29-2023
(لاہور نیوز) میلبرن میں پاکستانی ٹیم کے ورلڈ کلاس بیٹر بابر اعظم کی اپنے جذباتی فین کیساتھ تصویر بنوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میلبرن میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران ایک بچہ سٹینڈز کی جانب بابر اعظم کو دیکھ کر جذباتی ہو گیا اور بچے نے کہا کہ میں بابر کی ہر اننگز دیکھتا ہوں اور ان کی کور ڈرائیو کا بھی مداح ہوں۔ بچے کی خواہش تھی کہ بابر اس کے ساتھ تصویر بنوائیں تاہم سابق کپتان نے بچے سے پہلے ہاتھ ملایا اور پھر اس کی خواہش پوری کر دی، بابر اعظم کے ساتھ تصویر بنوا کر بچہ خوشی سے جھوم اٹھا۔ واضح رہے کہ ٹیسٹ میچز میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والے بابر اعظم کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی، سابق کپتان پرتھ کے بعد باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں بھی توقع کے مطابق اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے، بابر اعظم نے رواں سال 8 ٹیسٹ میچز کی اننگز میں ایک بار بھی 50 کا ہندسہ عبور نہیں کیا۔ ڈیبیو کے بعد یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بابر اعظم ایک سال میں ایک بھی نصف سنچری بنانے میں ناکام رہے ہوں، میلبرن کی پہلی اننگز میں بابر اعظم صرف ایک ہی رن کے مہمان ثابت ہوئے تاہم میچ کی دوسری اننگز میں ان کو اچھی کارکردگی دکھانے ایک موقع ضرور ملے گا۔