پنجاب کے میدانی علاقوں میں بدستور دھند کا راج، موٹر وے ٹریفک کیلئے بند

12-29-2023

(لاہور نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں بدستور دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے، ایم تھری پر فیض پور سے رجانہ تک موٹر وے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔ ایم فائیو پر شیر شاہ سے اوچ شریف تک گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہے جبکہ موٹر وے ایم 4 کو عبدالحکیم سے فیصل آباد تک دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ شدید دھند میں مسافر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران ڈرائیونگ اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔