مہنگائی نے شہر میں مستقل ڈیرے ڈال لئے

12-28-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی نے شہر میں مستقل ڈیرے ڈال لئے۔ برائلر گوشت کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہو گیا۔

برائلر گوشت ایک ہی روز میں 22 روپے مہنگا ، فی کلو قیمت 492 روپے تک جا پہنچی۔ فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 366 روپے فی درجن برقرار ہے۔ مارکیٹ میں انڈے 450 روپے فی درجن تک فروخت کئے جا رہے ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 5 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دئیے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں سبز مرچ 140 ، لیموں 80  ، کریلے 450 روپے فی کلو تک دستیاب ہیں۔ بند گوبھی 160 ، اروی 200 روپے فی کلو مل رہی ہے۔ عوام ہوشربا مہنگائی سے سخت پریشان ہیں، کہتے ہیں مہنگائی نے جینا دوبھر کر دیا ہے ۔ اشیائے ضروریہ کی خریداری انتہائی مشکل ہو چکی ہے۔ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں بھی مسلسل ناکام ہے جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا دوہرا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔