ہائر ایجوکیشن کےلیے سال 2023بھی مایوس کن رہا

12-28-2023

(لاہور نیوز) ہائر ایجوکیشن کےلیے سال 2023بھی مایوس کن رہا، محکمہ کوئی نیا کالج بنا سکا اور نہ ہی کوئی قابل ذکر منصوبہ شروع کیا گیا ۔

سال 2023 میں پنجاب کے محکمہ  ہائر ایجوکیشن میں کوئی نئی سکیم شروع  نہ ہوسکی،25 جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل شروع  ہوا جو رک گیا جبکہ300 کالجز میں مستقل پرنسپلز کی تعیناتی کا عمل بھی اس سال مکمل نہ ہوسکا۔ لاہور سمیت سات تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرپرسنز  کی تعیناتی بھی نہ ہوسکی اور نہ  ہی صوبہ بھر میں کوئی  نیا   کالج بن سکا۔ سال بھر اساتذہ کے مسائل بھی جوں کے توں رہے، پے پروٹیکشن کا  مسئلہ اس سال بھی حل نہ ہوا،  اساتذہ کے سروس سٹرکچر  کا دیرینہ مسئلہ بھی التوا  میں ہی رہا۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کو الیکٹرک بائیکس دینے  کا اعلان ہوا مگر تاحال بائیکس کے حوالے سے  بھی پالیسی فائنل نہ  ہوئی ۔