مسلم لیگ (ن) نے پارٹی منشور کی تیاری کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لیں
12-28-2023
(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے منشور کی تیاری کیلئے عوام سے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات 2024 کیلئے منشور تیار کر رہی ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں میں بنیادی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے قابل عمل حل تجویز کرنا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ میں اندرون و بیرون ملک رہنے والے تمام پاکستانیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ http://pmln2024.com کا وزٹ کریں اور اپنی قیمتی و قابل عمل تجاویز سے اس مقصد کے حصول اور ایک نتیجہ خیز منشور کی تیاری میں ہماری مدد کریں جو پاکستان کو آگے لے جانے میں ہمارا مدد گار بنے۔ قبل ازیں لاہور میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد کی لیڈر شپ میں میدان میں اتر رہے ہیں، الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے، الیکشن کی بھرپور تیاری ہے، نواز شریف کا سنہرا دور جلد واپس آئے گا۔ سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ ختم کی، کراچی میں امن بھی نواز شریف کے مرہون منت ہے، قائد (ن) لیگ کے ترقیاتی منصوبوں کو آج بھی یاد کیا جاتا ہے، جہاں امن اور استحکام ہوگا وہ ملک ہی ترقی کرے گا۔