مہنگائی کا راج برقرار، برائلر گوشت بھی قوت خرید سے باہر
12-27-2023
(لاہور نیوز) مہنگائی کا راج برقرار ہے۔ فارمی انڈوں کے دام بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ برائلر گوشت بھی قوت خرید سے باہر ہے۔
عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا نہ مل سکا۔ سردی بڑھتے ہی فارمی انڈوں کے دام بے قابو ہو گئے۔ فارمی انڈے مزید 2 روپے مہنگے ہو گئے۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں فی درجن قیمت 366 روپے مقرر، مارکیٹ میں انڈے 450 روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔ ایک انڈہ 38 روپے میں مل رہا ہے۔ برائلر گوشت بھی 470 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ سبزیاں بھی غریب کی پہنچ سے دور ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 9 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے۔ اوپن مارکیٹ میں پیاز 250 ، سبز مرچ 140 ، شملہ مرچ 220 روپے فی کلو ہے۔ بینگن 100 ، کریلے 380 ، ساگ 70 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ شلجم 70 ، اروی 180 اور گاجر دیسی 80 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے۔ عوام کہتے ہیں انڈے خریدنا بس میں نہیں رہا۔ پیاز سمیت کوئی سبزی سستی نہیں رہی۔ سرکاری نرخ نامے صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔ مارکیٹ میں سرکاری قیمتوں پر کہیں عملدرآمد نہیں کروایا جا رہا۔