بانی پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹ کھولنے کیلئے درخواست دائر
12-27-2023
(لاہور نیوز) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے بینک اکاؤنٹ کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالدیوسف نے درخواست دائر کی، وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا اسلام آباد کے نجی بینک میں اکاؤنٹ غیر فعال ہوچکا، بانی پی ٹی آئی دو نئے بینک اکاؤنٹ بھی کھلوانا چاہتے ہیں، نئے بینک اکاؤنٹ لاہور، میانوالی سے الیکشن لڑنے کے اخراجات کے لئے استعمال ہوں گے۔ وکیل خالد یوسف نے کہا کہ غیر فعال اکاؤنٹ اور دو نئے اکاؤنٹس کھلوانے کے لئے بائیو میٹرک درکار ہے، بینک اکاؤنٹ عملے کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں بائیو میٹرک سامان سمیت ملنے کی اجازت دی جائے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی کی بینک اکاؤنٹ سے متعلق درخواست منظور کرلی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی سے بینک عملے کی ملاقات سے متعلق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کردیں۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جیل مینوئل کے تحت بینک عملے کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت دی جائے۔