میرے دفتر کے دروازے سائلین کیلئے 24 گھنٹے کھلے ہیں: ڈی آئی جی آپریشنز

12-27-2023

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل کے حل اور ان میں آسانیاں تقسیم کرنے کے فلسفہ پر یقین رکھتا ہوں، میرے دفتر کے دروازے سائلین کیلئے 24گھنٹے کھلے ہیں، شہری کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر آ سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کھلی کچہری کے موقع پر کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔شہریوں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ سید علی ناصر رضوی نے ہر ایک سائل کی درخواست کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو مناسب احکامات جاری کئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے اس موقع پر مزید کہا کہ ڈویژنل افسران  اور ایس ایچ اوز مقررہ اوقات میں تھانوں،دفاتر میں موجود رہیں، پولیس افسران تھانوں کی سطح پر شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، افسران و جوان نوکری کو عبادت سمجھ کر کریں اورمظلوموں کا سہارا بنیں۔