محسن نقوی کا دورہ گنگارام ہسپتال، آپریشن کیلئے پیسے لینے کی شکایات پر انکوائری کا حکم

12-27-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گنگارام ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، صفائی کے ناقص انتظامات، غلیظ ترین واش رومز، گندگی کے ڈھیر، مریضوں اور لواحقین کی آپریشن کرانے کے لئے پیسے لینے کی شکایات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

خاتون مریض نے ادویات باہر سے منگوانے کے حوالے سے شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شدید برہمی کا اظہار کیا، ایم ایس ہسپتال کو اصلاح احوال کیلئے آخری وارننگ دے دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتال کے امور کو فی الفور درست کیا جائے، آخری وارننگ دے رہا ہوں، جلد دوبارہ وزٹ کروں گا، حالت زار درست نہ ہوئی تو ذمہ دار آپ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے آپریشن کے لئے پیسے لینے کے واقعہ کی وزیراعلیٰ انسپکشن ٹیم کو فوری انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ سی ایم آئی ٹی کو فوری طور پر ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی،سی ایم آئی ٹی آج شام تک انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریض سے لیے گئے پیسے بھی واپس کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر ایم ایس ہسپتال کا ایک بھی راؤنڈ لگاتے تو صفائی کی ایسی صورتحال نہ ہوتی، آئندہ وزٹ پر مجھے یہاں گندگی نہیں نظر آنی چاہیے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صفائی کے انتظامات بہترکرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گنگا رام ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا بھی معائنہ کیا اور ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اپ گریڈیشن کے کاموں میں سست روی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔