مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض داخل، جعلی دستخط کا الزام
12-27-2023
(لاہور نیوز) چیف آگنائزر اور سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے کاغذات نامزدگی پر بھی اعتراض داخل کردیا گیا۔
سرگودھا کے شہری کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے دی گئی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ امیدوار پی پی 80 کے دستخط جعلی کیے گئے ہیں جبکہ انہوں نے اثاثے بھی ظاہر نہیں کیے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ مریم نواز مختلف مقدمات میں سزا یافتہ ہیں، اعتراض لگا کر کاغذات مسترد کیے جائیں۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض لاہور کے حلقہ این اے 127 سے شہری نے دائر کردیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز كے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے ، لہذا یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔ بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔