پی سی بی کا دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کوچنگ سٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ

12-27-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کوچنگ سٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک اور ہائی پرفارمنس کوچ سائمن گرانٹ ہیلمٹ کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے ، دونوں غیر ملکی کوچز کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی، دورہ نیوزی لینڈ کیلئے مخصوص بیٹنگ کوچ کا تقرر نہیں کیا جائے گا، نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں یاسر عرفات ہائی پرفارمنس کوچ کے فرائض انجام دیں گے ۔  یاسر عرفات محمد حفیظ کے ہمراہ  بیٹنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری بھی نبھائیں گے، ڈائریکٹر کرکٹ ٹیم محمد حفیظ بھی بیٹرز کو پیش آنے والے تکنیکی مسائل پر کام کرینگے، یاسر عرفات لاہور میں 28 دسمبر سے شروع ہونے والے ٹریننگ کیمپ کے کمانڈنٹ ہونگے۔ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کی رائے  پر یاسر عرفات کی تعیناتی عمل میں لائی جا رہی ہے، محمد حفیظ کی مشاورت سے ہی باؤلنگ کوچز سعید اجمل اور عمرگل کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی، ذکاء اشرف کی حتمی منظوری سے یاسر عرفات کی تعیناتی کا باقاعدہ اعلان کیا جائیگا۔