’دوستانہ ماحول میں کبھی آسٹریلیا کو نہیں ہرایا جاسکتا‘ سابق کرکٹرز کا پاکستان کو مشورہ

12-27-2023

(ویب ڈیسک) ’دوستانہ ماحول میں کبھی آسٹریلیا کو نہیں ہرایا جاسکتا‘ پاکستانی کرکٹرز کا کینگروز سے دوستانہ رویہ سابق کرکٹرز کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

کرسمس کے موقع پر پاکستانی کرکٹرز اور آفیشلز انڈور ایریا میں آسٹریلوی ٹیم کے پاس گئے اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دینے کے ساتھ تحائف بھی دیے۔ فاکس کرکٹ پر سابق انگلش کپتان مائیکل وان کے ساتھ بات چیت میں سابق آسٹریلوی کرکٹر کیری اوکیف نے کہا کہ یہ ٹیسٹ سیریز بڑے دوستانہ ماحول میں کھیلی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کبھی اس سپرٹ کے ساتھ کینگروز کو شکست نہیں دے سکتے، انہوں نے گذشتہ روز میزبان کرکٹرز کو تحائف بھی دیے، کیا سارو گنگولی نے ماضی میں کرسمس کے موقع پر سٹیو وا کو تحفے دیے تھے؟ نہیں بالکل بھی نہیں، آپ کو آسٹریلوی ٹیم کے ساتھ شدت کے ساتھ پیش آنے کی ضرورت ہے، آپ ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں یہی سب سے بہتر ہے۔ وان نے کہا کہ آپ کرسمس تحائف نہیں دے سکتے، اوکیف نے کہا کہ باکسنگ ڈے کا آغاز باؤنسرز اور یارکرز کے ساتھ کرنا زیادہ بہتر ہوتا۔