وزیراعلیٰ محسن نقوی کا سروسز ہسپتال کا دورہ، تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ
12-27-2023
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے سروسز ہسپتال پہنچے،انہوں نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تحت ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا، وزیر اعلی نے اپ گریڈیشن کے کاموں پر ہونے والی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سروسز ہسپتال میں ڈرینج کی نئی لائن بچھانے کی ہدایت کی اور موقع پر ہی ایم ڈی واسا کو احکامات جاری کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ سروسز ہسپتال میں نکاسی آب کا نظام تبدیل کیا جائے گا اور ڈرینج کے لئے نئے پائپ بچھائے جائیں گے، سروسز ہسپتال میں پانی کی فوری نکاسی کیلئے پمپنگ سٹیشن بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے وارڈز،کوریڈور اور مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیااور اپ گریڈیشن کا کام اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے مزدوروں سے بات چیت کی اور انہیں مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی، ایک مزدور سے وزیراعلیٰ نے سوال کیا کہ چھٹی کب ہوتی ہے، مزدور نے جواب دیا 2بجے رات جس پر وزیراعلیٰ نے مزدورکو شاباش دی۔ صوبائی وزراء عامر میر،اظفر علی ناصر،مشیر وہاب ریاض،سیکرٹری ہاؤسنگ،سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ،ایم ڈی واسا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔