پشاور ہائیکورٹ: الیکشن کمیشن فیصلہ معطلی کا تحریری حکم نامہ جاری
12-26-2023
(ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان واپسی کیخلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف سے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کے کیس میں آج ہونے والے سماعت کا 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس کامران حیات نے تحریر کیا۔ تحریری فیصلے کے مطابق 8 فروری کو عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، 13 جنوری 2024ء کو انتخابی نشان الاٹ ہوں گے، ایک سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کیا گیا، ووٹ کے خواہشمند کو اپنی پسند کی پارٹی کو ووٹ دینے سے محروم کیا گیا، الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو معطل کیا جاتا ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس بھی جاری کیا جاتا ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر پبلش کیا جائے اور پی ٹی آئی کا بلے کا نشان بھی بحال کیا جائے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت 9 جنوری 2024ء کو ہو گی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کی معطلی کا حکم 9 جنوری 2024ء تک نافذ العمل رہے گا۔