میلبرن ٹیسٹ، کوشش ہوگی دوسرے روز آسٹریلیا کو 250 پر آؤٹ کردیں : حسن علی

12-26-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام پر میچ پر فی الحال ہماری گرفت ہے، کل آسٹریلیا کو 250 پر آؤٹ کرنے کی کوشش ہوگی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنالیے۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بولنگ یونٹ کیلئے پہلا دن اچھا رہا رنز کم دیے ، کوشش ہوگی کل آسٹریلیا کو 250 پر آوٹ کردیں ، میچ پر فی الحال ہماری گرفت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ رفتار کس بولر کی کم ہوئی انہیں نہیں معلوم اور انہوں نے کبھی 150 کی سپیڈ سے بال نہیں کی، وہ افواہوں پر دھیان نہیں دیتے۔