بجلی کی کم پیداوار پھر ڈینجر زون کی طرف گامزن،بریک ڈاؤن کا خدشہ
12-26-2023
(لاہور نیوز) بجلی کی کم پیداوار ایک بار پھر ڈینجر زون کی طرف گامزن ہونے سے بریک ڈاؤن کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق کم از کم بجلی پیداوار سے فریکوئنسی کی حد ٹوٹی تو ملک پھر تاریکی میں ڈوب سکتا ہے ، غیر متوازن پیداوار سے شمال ،جنوب میں بجلی کا ترسیلی نظام بریک کرسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں بجلی کی طلب 13 ہزار500 میگاواٹ اور پیداوار 8 ہزار 800 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی ہے، موسم سرما میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 500 میگاواٹ سے بڑھ رہا ہے ۔ ذرائع نے کہا ہے کہ ماضی میں شمال جنوب میں بجلی کی ترسیل متاثر ہونے سے فریکوئنسی ٹرپ کرگئی تھی، فریکوئنسی ٹرپنگ سے ملک اندھیرے میں ڈوب گیا تھا۔ پاور ڈویژن ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں پن بجلی کی پیداوار800 میگاواٹ جبکہ سرکاری تھرمل پلانٹ سے 1500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، آئی پی پیز5 ہزا ر میگاواٹ اور نیو کلیئر سے 1500 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔