پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات: الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج
12-26-2023
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
درخواست میں پی ٹی آئی کے وکلاء نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے استدعا کی ہے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا تھا اور بلا ہی رہے گا، بانی پی ٹی آئی چیئرمین تھے اور رہیں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کر رہے ہیں، سپریم کورٹ میں بھی توہین عدالت کا کیس دائر کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو بھی رکاوٹ ڈالے گا اس کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ ہو گا۔ بابر اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ پری پول ریگنگ ہو رہی ہے، امیدواروں سے کاغذات نامزدگی تک چھینے گئے۔