خیال کاسترو کی کیسز کی تفصیلات کیلئے درخواست غیر ضروری قرار

12-26-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما خیال کاسترو کی کیسز کی تفصیلات کیلئے درخواست غیر ضروری قرار دے کر نمٹا دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے سابق رکن اسمبلی خیال کاسترو کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ  درخواست گزار فیصل آباد سے پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہولڈر ہے، پولیس کوئی مقدمہ درج نہ ہونے کے باوجود گھر پر چھاپے مار رہی ہے، گھر پر چھاپے مار کر الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جارہاہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ  درخواست گزار کو درج کیسز، انکوائریز کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، عدالت درخواست گزار کو کیسز اور انکوائریز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔ دوران سماعت سی پی او فیصل آباد پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کروا دی جس میں بتایا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف 7مقدمات ہیں۔ بعدازاں عدالت نے سی پی او فیصل آباد کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست غیر ضروری قرار دے کر نمٹا دی۔