پنجاب حکومت کا بابائے قوم کو زبردست انداز میں خراج عقیدت

12-25-2023

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بابائے قوم محمد علی جناح کو زبردست انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت پرتاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ آفس میں اپنی نوعیت کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی۔  وزیراعلی محسن نقوی اور پنجاب کابینہ نے بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر نے خصوصی دعا کرائی، صوبائی وزراء،مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،تمام محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا احسان ہے کہ آج ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں، ہماری آنے والی نسلیں بھی قائد کا یہ احسان نہیں اتار سکتیں، قائداعظم محمد علی جناح ؒ جیسا مدبر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے کام کام اور کام کا وژن دیا، میرا یقین ہے کہ قائد کے اسی وژن کو اپنا کر ہم اپنی کھوئی ہوئی منزل حاصل کر سکتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے مختصرعرصے میں گورننس کا بہترین ماڈل پیش کیا، قائد کے افکار پر چل کر پاکستان کوحقیقی معنوں میں فلاحی مملکت بنایا جا سکتا ہے۔