پاکستان میں الیکشن کے بعد نئی حکومت توانائی اور ٹیکس اقدامات واپس لے سکتی ہے: عالمی بینک

12-25-2023

(ویب ڈیسک) عالمی بینک کا کہنا ہے پاکستان میں الیکشن کے بعد نئی حکومت متعدد اقدامات واپس لے سکتی ہے۔

عالمی بینک کو پاکستان میں الیکشن کے بعد بننے والی نئی حکومت کی جانب سے توانائی اور ٹیکس اقدامات کے خاتمے کا خدشہ نظر آنے لگا۔ عالمی بینک نے اصلاحاتی پروگرام رائزٹو سے متعلق رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق پاکستان میں الیکشن کے بعد نئی حکومت متعدد اقدامات واپس لے سکتی ہے، نئی حکومت گیس، توانائی اور ٹیکس سے متعلق اقدامات ختم کر سکتی ہے تجارتی ٹیرف اور جائیدادوں پر ٹیکس وصولی بھی ختم ہو سکتی ہے۔  عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی وجوہات کی وجہ سے مالی پابندیاں ختم ہو سکتی ہیں، مشکل اصلاحات پر عملدرآمد جاری رکھنے کا وعدہ خطرے میں پڑھ سکتا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے کے ختم ہونے کےخدشات ہیں جس کے بعد پاکستان کے ذخائر ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے جب کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہونے کے بعد اضافی بیرونی مدد درکار ہو گی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہےکہ نجکاری کر کے ریاستی اداروں کے نقصانات میں کمی لائی جا سکتی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر پاکستان کی مدد جاری رکھیں گے، مالی استحکام اور سرمایہ کاری بڑھانےکیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔