دنیا بھر میں نئے کورونا کیسز میں 52 فیصد اضافہ ہوا: عالمی ادارہ صحت
12-25-2023
(ویب ڈیسک ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ 20 نومبر سے 17 دسمبر 2023 تک کے دوران گزشتہ 28 دنوں کے مقابلے میں نئے کیسز کی تعداد میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
حالیہ عرصے کے دوران نئے رپورٹ ہونیوالے کیسز کی کل تعداد 8 لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ، اگرچہ گزشتہ 28 دنوں کی مدت کے مقابلے میں نئی اموات کی تعداد میں 8 فیصد کمی واقع ہوئی ہے لیکن 17 دسمبر 2023 تک 3 ہزار سے زیادہ نئی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ عالمی سطح پر اب تک 77 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز اور تقریباً 70 لاکھ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے ایک روز قبل کورونا سے متعلق عالمی صورتحال پر ایک نئی اپڈیٹ جاری کی ہے جس میں ہسپتالوں میں داخلے اور انتہائی نگہداشت یونٹس (آئی سی یو) میں داخلے کے بارے میں معلومات کے علاوہ وائرس کے مختلف ورژنز کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اور آئی سی یو میں داخلوں میں 51 فیصد اضافے کی اطلاع دی۔ یہ اعداد و شمار ان ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی ہیں جہاں ماضی اور حال میں مسلسل کووڈ-19 کے کیسز رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔