یہ ملک اور صوبہ کرسچن کمیونٹی کے بغیر نامکمل ہے:وزیراعلیٰ محسن نقوی

12-25-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ یہ ملک اور صوبہ کرسچن کمیونٹی کے بغیر نامکمل ہے۔

کرسچن کمیونٹی کی  ایک تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام مسیحی بہن بھائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، لاہور کے بشپ کا ہمیشہ سے امن و امان کیلئے کردار رہا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، جب تک آخری بندے کو سزا نہیں مل جاتی سکون سے نہیں بیٹھیں گے،  جڑانوالہ واقعہ جیسے دلخراش واقعے پر چرچوں کو جلا دیا گیا، حکومت کی جانب سے تمام متاثرین کے نقصان کا ازالہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی مساجد میں مسیحی بھائیوں کو عبادت کی اجازت دی گئی، یہ چیز بین الاقوامی میڈیا میں بھی اجاگر ہوئی، ہم سب پاکستانی اکٹھے اور برابر ہیں، قومی پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہے تو سفید رنگ آپ لوگوں کیلئے ہے، پاکستان کا جھنڈا تمام اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے، یہ ملک اور صوبہ کرسچن کمیونٹی کے بغیر نامکمل ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کرسچن اساتذہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں، اقلیتوں کیلئے کوٹہ مقرر ہے، ہمارا وعدہ ہے مسیحیوں کو انکا کوٹہ مکمل ملے گا، جڑانوالہ واقعے کے بعد احساس ہوا کہ میثاق سینٹرز بنائے جائیں، آج ہم لاہور میں سب سے بڑے میثاق سینٹر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔