بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر پاک فضائیہ کا خراج عقیدت، ویڈیو جاری
12-25-2023
(لاہور نیوز) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر پاک فضائیہ نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فضائیہ نے قائداعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مختصر ویڈیو جاری کر دی، ویڈیو میں قائداعظم کو برصغیر کے مظلوم مسلمانوں میں امید کی کرن دکھایا گیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قائد اعظم نے ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کر کے ایک علیحدہ آزاد وطن حاصل کیا، قائداعظم کی انتھک کاوشوں سےہی ہم آج ایک آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی، بانی پاکستان نے پاک فضائیہ کو نظم و ضبط اور خود انحصاری کا پائیدار وژن بھی دیا۔ پاک فضائیہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ قائد کا نظریہ، وژن اور ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے رہنما اصول عظیم قوم بننے کے سفر میں مشعل راہ ہیں۔