قائداعظم کے نظم و ضبط کے اصول سب کیلئے مشعل راہ ہونے چاہئیں: نگران وزیراعظم

12-25-2023

(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، آئیے آج کے دن قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول بحیثیت قوم سب کیلئے مشعل راہ ہونے چاہئیں تاکہ ہمارا ملک وہ جمہوری ریاست بن سکے جس کا تصور بانی پاکستان نے کیا تھا۔ نگران وزیر اعظم نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس موقع کو جوش، جذبے اور عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے، قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، جس کی وجہ ان کا مثالی کردار اور غیر معمولی قائدانہ خصوصیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہا پسند قوتوں کو شکست دینے، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے عزم اور غیر متزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو اپنے مقصد کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عظیم مقصد کیلئے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔