بانی پاکستان کا 147واں یومِ ولادت: مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب

12-25-2023

(ویب ڈیسک) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147 واں یومِ پیدائش آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا، قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ مزار قائد پر پاکستان ملٹری اکیڈمی (کاکول) کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری تھے۔ تقریب کے دوران بانی پاکستان کو قوم کی جانب سے سلامی پیش کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسن چودھری نے مزار پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ان تقریبات میں بانی پاکستان کو ان کی گراں قدر خدمات اور برصغیر کے مسلمانوں کیلئے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔