بانی پاکستان کا 147 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

12-25-2023

(لاہور نیوز) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 147 واں یوم پیدائش آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

25 دسمبر کا دن ہمارے لئے اس لئے اہم ہے کہ آج کے دن ہم اپنے عظیم قائد کی سالگرہ مناتے ہیں، قائد اعظم محمد علی جناحؒ ایک ممتاز سیاست دان اور مدبر تھے جنہوں نے پاکستان کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کیلئے مسلمانوں کی رہنمائی کی اور آپؒ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے نجات دہندہ ثابت ہوئے۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، وہ ایک تاجر گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، ابتدائی تعلیم کراچی میں ہی حاصل کی اس کے بعد لندن سے قانون کی ڈگری لی، جناح کو سیاست میں گہری دلچسپی تھی۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوئے جہاں سے ان کے شاندار سیاسی کیریئر کا آغاز ہوا اور وہ پاکستان کی آزادی میں سب سے زیادہ بااثر شخصیت بن کر ابھرے، بصیرت رکھنے والے عظیم رہنما کی انتھک محنت سے پاک وطن بالآخر دنیا کے نقشے پر ابھر آیا۔