چیئرمین واپڈا کا 'کے فور' پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ
12-24-2023
(لاہورنیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے زیر تعمیر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی سکیم ’کے فور پراجیکٹ‘ کا دورہ کیا اورمنصوبے پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
چیئرمین واپڈاکے دورے کے موقع پر جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ اور چیف انجینئر کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کانٹریکٹرز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ چیئرمین نے منصوبے کی مختلف سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈاکو منصوبے پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت منصوبے کی تمام آٹھ سائٹس پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، پمپنگ سٹیشنز، پریشرائزڈ پائپ پر مشتمل پانی کی منتقلی کا نظام، واٹر ریزروائرز، فلٹریشن پلانٹس، پراجیکٹ کے دفاتر، کالونی اور رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے کہا کہ "کے فور پراجیکٹ" کراچی کیلئے اہم منصوبہ ہے، منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر واپڈا کی ہر ممکن کوشش ہے کہ اسے شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے، منصوبے کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی اشد ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے کیلئے درکار پاور سسٹم اور پانی تقسیم کرنے کے نظام کی بروقت توسیع جیسے معاملات بھی مساوی اہمیت کے حامل ہیں، تاکہ کراچی کے شہری اس منصوبے کے فوائد حاصل کرسکیں۔ انہوں نے پراجیکٹ حکام کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے لئے تمام شراکت دار اور فریقین سے مسلسل اور مؤثر رابطہ قائم رکھیں۔ واضح رہے کہ "کے فور" پراجیکٹ سے کراچی کو کینجھر جھیل سے روزانہ650 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا، یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا، واپڈا اس وقت منصوبے کے پہلے مرحلے کو تعمیر کررہاہے، جس کی تکمیل اکتوبر 2024 میں شیڈول ہے۔