حجاج پاکستان کیلئے بہتری ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی:طاہر اشرفی

12-24-2023

(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی و پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حجاج پاکستان کیلئے بہتری ہمارے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ کا نام آنے پر ہماری آنکھیں اور سر جھک جاتا ہے، علما اور اکابرین اللہ کے مہمانوں کی ایک بہت بڑی خدمت کررہے ہیں، جنہوں نے حجاج کرام کو تنگ کیا رسوائی ان کا مقدر بنی۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب میں دن بدن چیزوں میں بہتری آرہی ہے، ہمیں بہتری سے استفادہ بھی کرنا ہے اور ساتھ بھی دینا ہے، سعودی عرب کے قانون سے کوئی بالاتر نہیں، سب کو سعودی قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ یہ حج کرپشن سے پاک حج ہوگا، کسی کو رشوت نہیں دینی پڑے گی نہ سفارش کرانی پڑے گی، ہم وزارت مذہبی امور میں نہیں چاہتے کہ کوئی تنگ ہو، چند لوگوں کی وجہ سے بدنامی ہوتی ہے ایسے دروازے کو بند کرنا چاہیے جس کی وجہ سے بدنامی ہوتی ہے۔ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ڈالر نیچے آنے کی وجہ سے حکومت نےحج 1لاکھ روپے سستا کیا، سیکرٹری مذہبی امور اور نگران وزیر مذہبی امور بہت کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرب دوستوں کا مطالبہ تھا پاکستان میں بزنس مین کیلئے ون ونڈو آپریشن ہو، آرمی چیف نے حکومت سے مل کر کونسل قائم کی، کونسل کے قیام سے حجاج کرام بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے، نگران وزیراعظم ،آرمی چیف اور پاکستان میں سعودی سفیر کا مشکور ہوں۔