عثمان مختار سے نفرت ہے وہ بہت نخرے والے ہیں: اشنا شاہ
12-24-2023
(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ مجھے اپنے ساتھی اداکار عثمان مختار سے نفرت ہے کیونکہ وہ سیٹ پر بہت نخرے میں رہتے تھے۔
حال ہی میں اداکارہ اشنا شاہ نے غیر ملکی میگزین کے یوٹیوب شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔ پروگرا م کے دوران میزبان نے اشنا شاہ سے سوال کیا کہ عثمان مختار کے ساتھ فلم چکڑ‘ میں کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟، جس پر اشنا شاہ نے کہا کہ "مجھے عثمان مختار سے نفرت ہے کیونکہ وہ بہت نخرے والے انسان ہیں"۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم ’چکڑ‘ کی شوٹنگ کررہے تھے تو عثمان مختار مجھ سے بالکل بات نہیں کرتے تھے اور یہاں تک کہ میرے ساتھ بیٹھتے بھی نہیں تھے، میں فلم میں عثمان مختار کی بیوی کا کردار ادا کررہی تھی تو اس لیے سکرین پر ہم دونوں کی کیمسٹری اچھی ہونی چاہیے تھی لیکن وہ عام طور تو مجھ سے بات تک نہیں کرتے تھے۔ اشنا نے مزید کہا کہ عثمان مختار کو جب معلوم ہوا کہ میں نے اُن کے بارے میں ایسے کہا ہے تو اُس کے بعد اُنہوں نے مجھ سے بات کرنا شروع کی، پوری شوٹنگ کے دوران وہ مجھے بہت تنگ کرتے تھے اور اب ہم دونوں کافی اچھے دوست بن گئے ہیں۔