قومی ٹیم میں فاسٹ بولرز کی کمی پر تشویش ہے: وقار یونس

12-24-2023

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کوچ و کپتان وقار یونس نے قومی ٹیم میں فاسٹ بولرز کی کمی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

سابق کپتان وقار یونس نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی پیسرز ہمیشہ آسٹریلیا میں توجہ کا مرکز ہوتے ہیں لیکن اس بار پاکستان کے پاس ایک بھی تیز فاسٹ بولر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پیس بیٹری سے فاسٹ بولرز نہیں نکل رہے، ڈومیسٹک میں بھی کوئی تیز گیند باز نظر نہیں آرہا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ میلبرن ٹیسٹ جیتنے کے لیے پاکستان کو جلد وکٹیں لینا ہوں گی اور فیلڈنگ پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ نسیم شاہ اور حارث رؤف کی غیر موجودگی میں ڈیبیو کرنے والے خرم شہزاد بھی انجرڈ ہو کر سیریز سے باہر ہوچکے ہیں۔ ان کی جگہ فاسٹ بولنگ شعبے کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ساتھ حسن علی یا میر حمزہ کے کندھوں پر ہو گی۔ پرتھ ٹیسٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے اور ان کی جگہ محمد رضوان کو شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔ امکان یہی ہے کہ محمد رضوان کو میلبرن ٹیسٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی پہلے ٹیسٹ میں متاثرکن پرفارمنس نہیں دے سکے جب کہ مستند سپنر کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ساجد خان کو آزمایا جاسکتا ہے جنہیں ابرار احمد کی جگہ سکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔