آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان

12-24-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی انڈر 19 ٹیم کا اعلان کردیا گیا، سعد بیگ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ 19جنوری سے 11 فروری 2024ء تک جنوبی افریقہ میں منعقد ہوگا۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی نے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل بہترین کارکردگی دکھانے والے 45 کرکٹرز کو کراچی میں ٹریننگ کیمپ میں بلایا تھا اوراس پول میں سے 15 کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق منتِخب کردہ سکواڈ میں شامل محمد ذیشان اور علی اسفند گزشتہ سال ویسٹ انڈیز میں منعقدہ انڈر19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں پاکستان کی پانچویں پوزیشن رہی تھی جبکہ سکواڈ میں 12 کرکٹرز وہ ہیں جنہوں نے دبئی میں منعقدہ حالیہ انڈر19 ایشیا کپ میں حصہ لیا تھا، اس ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کے بعد سیمی فائنل میں متحدہ عرب امارات سے ہاری تھی۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں محمد ذیشان نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 11 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں نیپال کے خلاف 19 رنز دے کر 6 وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے جبکہ عبید شاہ دس وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ بیٹنگ میں اذان اویس نے چار اننگز میں 222 رنز بنائے تھے جس میں انڈیا کے خلاف میچ وننگ 105رنز ناٹ آئوٹ قابل ذکر تھے۔ کپتان سعد بیگ نے نیپال (50)، انڈیا (68 ناٹ آئوٹ) اور متحدہ عرب امارات (50) کے خلاف نصف سنچریاں بنائی تھیں اور مجموعی طور پر176 رنز سکور کیے تھے۔اسی طرح شامل حسین افغانستان کے خلاف پانچ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 75 رنز بناکر پلیئر آف دی میچ رہے تھے۔ انڈر 19 ورلڈکپ میں روانگی سے قبل پاکستان ٹیم 28 دسمبر سے6 جنوری تک لاہور میں کیمپ میں حصہ لے گی۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں سعد بیگ (کپتان، وکٹ کیپر)، علی اسفند (نائب کپتان)، علی رضا، احمد حسن، عامرحسن، عرفات منہاس، اذان اویس، ہارون ارشد، خبیب خلیل، محمد ریاض اللہ، محمد ذیشان، نوید احمد خان، شاہ زیب خان، شامل حسین اور عبید شاہ شامل ہیں۔