محسن نقوی کا میو ہسپتال کا ایمرجنسی بلاک 7 جنوری تک کھولنے کا حکم
12-23-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کو 7 جنوری تک کھولنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سروسز اور پی آئی سی کے دورے کے بعد میو ہسپتال پہنچے، محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ایمرجنسی بلاک کے تمام کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے ایمرجنسی بلاک میں جاری فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا، وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال کے چلڈرن بلاک کا بھی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا، محسن نقوی پانچویں فلور تک گئے اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیااور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میو ہسپتال کے لان کو فی الفور درست کیا جائے۔