عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی کل آخری تاریخ
12-23-2023
(لاہور نیوز) عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز ہے۔
عام انتخابات میں حصہ لینے والے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کی تھی، الیکشن کمیشن کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک ہوگی۔ ای سی پی کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کیخلاف اپیل 3 جنوری تک دائر ہوگی، پولنگ شیڈول کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاریدوسری جانب تین روز میں لاہور میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 89 امیدواروں نے کاغذات جمع کرا دیئے، بلوچستان میں قومی اسمبلی کی 16 نشستوں پر 321، صوبائی اسمبلی کی 51 نشستوں کیلئے ایک ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ راولپنڈی میں قومی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 78 امیدوار سامنے آگئے، صوبائی اسمبلی کی 8 نشستوں پر 243 کاغذات نامزدگی جمع ہوچکے، اسلام آباد کے تین حلقوں میں 45 امیدوار میدان میں آگئے۔ پشاور میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں کیلئے 54 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی این اے 89 میانوالی سے جمع کرائے گئے۔ خیال رہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران متعدد سیاسی رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی وصول کئے اور جمع کرائے۔