پی ٹی آئی سے بلے کا نشان چھن گیا، انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار

12-22-2023

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ جاری کر دیا، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی، پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہیں ملے گا۔ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ ممبر کے پی جسٹس (ر) اکرم اللہ نے تحریر کیا، الیکشن کمیشن کے 5 رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا، فیصلہ 11 صفحات پر مشتمل ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی آئین کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی، پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہیں ملے گا۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 18 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور ایک روز قبل پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 22 دسمبر تک پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے دائر درخواستوں پر فیصلہ سنانے کی ہدایت کی تھی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے انتخابی نشان کے حصول کیلئے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر 3 دسمبر کو انٹرا پارٹی انتخابات کرائے تھے، جس میں بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ چیئرمین جبکہ عمر ایوب پارٹی کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ پارٹی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا، اس کے علاوہ مزید دو درخواستیں بھی انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے دائر ہوئی تھیں، جس میں الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔