بی آربی نہر کنارے بنایا گیا سائیکلنگ ٹریک 8سال بعد بھی غیر فعال

12-22-2023

(لاہور نیوز) بی آربی نہر کنارے بنائے گئے سائیکلنگ ٹریک کو 8سال بعد بھی فعال نہ کیا جاسکا۔

ایک طرف سائیکلنگ کے فروغ  کا غلغلہ تو دوسری جانب  جلو واکنگ اینڈ سائیکلنگ ٹریک  پارک  کے لیے 2023ء بھی اچھی خبر نہ لاسکا، بی آربی نہر کنارے بنائے گئے  سائیکلنگ ٹریک کو 8سال بعد بھی فعال نہ کیا جاسکا۔ شہر کی آلودگی اور شورشرابے سے  دور،جلوموڑ میں  بی آر بی نہر کے کنارے  پر 2015 ءمیں جدید واکنگ اینڈسائیکلنگ ٹریک منصوبے پر کام شروع ہوا، افتتاح کرنے والوں کی طرف سے نوید سنائی گئی کہ تین سال کے دوران ٹریکس کی تکمیل کے بعد اِنہیں فعال کردیا جائے گا۔ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل بھی ہوگیا لیکن آج  8برس  بعد بھی یہاں سائیکلنگ  ٹریک کو فعال نہیں کیا جاسکا۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ یہاں شہریوں کو اپنی سائیکلوں کے استعمال کی سہولت دینےکے ساتھ اُنہیں معمولی  کرائے پر پارک انتظامیہ کی طرف سے سائیکلیں فراہم  کرنے  کی سہولت بھی دی جاتی لیکن آج بھی پارک کا تین کلومیٹرطویل سائیکلنگ ٹریک اِس بات کا  منتظر ہے کہ اِسے جس مقصد کے لیے تعمیر کیاگیا  ہے اُسے پور ابھی  کیا جائے۔